اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )حساس اداروں کے ہمراہ سی ٹی ڈی پولیس نے افغان باشندوں کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے 800 افغانوں کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ نے حساس اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا، ان علاقوں میں بارہ کہو، ترنول، مہر آبادیاں، گولڑہ اور شمس کالونی شامل تھے۔آپریشن کے دوران 800 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا، تاہم گرفتار افغان باشندوں میں 400 کو پروف آف ریزیڈنس ہونے پر رہا کر دیا گیا، جب کہ 375 افغان باشندوں کے پاس شناختی دستاویزات موجود نہیں تھیں، اور 25 افغان باشندوں کی دستاویزات کی تصدیق تک ان کو حراست میں رکھا گیا ہے۔سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق آپریشن سے قبل خفیہ معلومات کی بنا پر لسٹیں بھی مرتب کی گئی تھیں، اور کئی جرائم پیشہ افغان باشندوں کی نشان دہی بھی ہوئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں آپریشن میں مزید تیزی آئے گی، جب کہ گرفتار 375 افغانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔