لاہور(نمائندہ خصوصی) مون سون کے آخری سپیل کا طوفانی آغاز متوقع، الرٹ جاری کر دیا گیا، پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان، صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا آخری سپیل توقع سے زیادہ تگڑا ہونے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں مون سون کا آخری سپیل خطرناک آندھی اور طوفان سے شروع ہونے کا امکان ہے۔اس حوالے سے جاری کیے گئے الرٹ کے مطابق 28سے 30ستمبر کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کے امکانات ہیں۔ مون سون کے آخری سپیل کی بارشوں کی وجہ سے درجہ حرات میں واضح کمی کے امکانات ہیں۔ اس تمام صورتحال میں صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ہدایت کی گئی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ملک کے کئی شمالی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہو گئی۔ آزاد کشمیر میں نیلم کے بلند و بالا پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، وادی نیلم کی چوٹیوں پر 1 فٹ سے زائد برف پڑ گئی ۔ برفباری کے بعد مقامی لوگوں نے بھی گرم کپڑے زیب تن کرلئے، انگیٹھیوں ،چولہوں کی فعالیت کا اہتمام شروع کر دیا گیا۔ قبل ازوقت برفباری سے رتی گلی جیسے مقامات پر جانیوالے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔جبکہ وادی کاغان کے پہاڑوں پر بھی برفباری سے موسم سرما کا آغاز ہو گیا۔ پہاڑوں پر برفبای کے بعد وادی کے قدرتی حسن اور بابو سر ٹاپ ،جھیل سیف الملوک،سری پایہ، کوہ مکڑا پر سردی میں اضافہ ہو گیا۔ دوسری جانب ضلع استور کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ اس وقت برزل ٹاپ اور دیوسائی ایریاز میں تقریبا ایک اینچ تک تازه برف پڑ چکی ہے، جس باعث برزل ٹاپ اور دیوسائی میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ برف باری کے باعث گاڑیاں پھسلنے کا خدشہ ہے ۔ضلعی انتظامیہ استور نے سیاحوں اور علاقے کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم بہتر ہونے تک برزل ٹاپ کی طرف سفر کرنے سے اجتناب کریں تاکہ کسی قسم کے نقصان سے محفوظ رہا جاسکے۔ ضلعی انتظامیہ دیامر نے بھی بابو سر ٹاپ پر برفباری کے باعث سیاحوں کو سفر سے گریز کی ہدایت کردی۔ ناران بابو سر ٹاپ پر برفباری ہونے کی وجہ سے ملک بھر سے آنے والوں سیاحوں پر موسم ٹھیک نہ تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ضلع دیامر کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ بابوسر ٹاپ میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس باعث بابوسر ٹاپ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ برف باری کے باعث پھسلن کا اندیشہ ہے، لہٰذا اس بابت مطلع کیا جاتا ہے کہ موسم بہتر ہونے تک بطرف بابوسر ٹاپ سے سفر سے اجتناب کیا جائے تاکہ کسی قسم کا نقصان سے محفوظ رہا جاسکے ۔