ملتان ( بیورو رپورٹ)
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ملتان نے بھیک منگوانے کیلئے لوگوں کو سعودی عرب بھجوانے والے ایک ایجنٹ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا، گرفتار ملزم اپنی 2 بیویوں کو بھی بھکاری بنا کر سعودی عرب بھجوانا چاہتا تھا اور ان سے 2، 2 لاکھ روپے وصول بھی کیے تھے۔ایف آئی آر کے مطابق گرفتار ایجنٹ عمران کی بیویوں ہیر اور شریفاں کو چھوڑ دیا گیا ہے، ان کے علاوہ مقدمے میں شامل دیگر 9 خواتین اور ایک شیر خوار بچے کو بھی گھر بھیج دیا گیا ہے۔مقدمے میں ٹریول ایجنسی کسووال کا مالک حاجی انوار اور عمرہ ویزے لگوانے والا غلام نازک بھی شامل ہیں۔ دو مفرور ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے جاری ہیں۔زرائع کے مطابق مقدمے میں شامل تین ایجنٹ نورو، انوار، اور طاہر عطار ندھاوا سعودی عرب میں ہیں، ملزمان نے بھیک مانگنے کیلئے سعودی عرب جانے کے خواہش مند افراد سے ٹکٹ اور قیام و طعام کیلئے 3، 3 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔