کوئٹہ( نمائندہ خصوصی )
سکیورٹی اہلکاروں نے بلوچستان میں اغواء ہونے والے 6 نوجوان فٹبالرز میں سے چار کو بازیاب کرالیا، دو مغویاں کی بازیابی کیلیے کوششیں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق 9 ستمبر کو فٹبال ٹورنامنٹ کھیلنے کیلیے سبی جانے والے 6 فٹبال کھلاڑیوں کو نامعلوم افراد نے ڈیرہ بگٹی کے مقام سے اغوا کرلیا تھا۔مغویان کی بازیابی کیلئے سیکیورٹی فورسز اور مقامی حکام نے سر توڑ کوششیں جاری رکھیں، اس دوران 6 میں سے4 فٹبالرز کو بازیاب کروا کر باحفاظت ان کے گھروں تک پہنچا دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہکاروں، مقامی انتظامیہ اور حکومت کی کوششوں سے ان کی بازیابی ممکن ہوئی۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ دیگر2مغوی نوجوانوں کو بھی جلد بازیاب کروالیا جائے گا، اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور صوبائی حکومت مصروف عمل ہے۔