اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان کی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کی قومی لیبارٹری نے ستمبر 2023 میں پانچ ماحولیاتی (سیوریج) نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کی ہے جن میں چار کراچی اور ایک پشاور سے متعلق ہیں۔ کراچی ڈسٹرکٹ سینٹرل میں حاجی مرید نالہ، ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں ہجرت کالونی نالہ، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں مچھر کالونی نالہ اور سہراب گوٹھ نالہ اور پشاور میں حیات آباد نالہ سے مثبت نمونے دریافت کئے گئے ہیں۔ اس طرح 2023 میں پاکستان میں ماحولیاتی (سیوریج) نمونوں میں مثبت نمونوں کی کل تعداد کو 32 تک پہنچاتی ہیں۔ اس کے علاوہ 2023 میں پاکستان میں انسانی پولیو کے کیسز کی تعداد دو ہے جو ڈسٹرکٹ بنوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی سے ڈسٹرکٹ ویسٹ کا اورنگی نالہ اور ڈسٹرکٹ کیماڑی کے محمد خان کالونی نالہ میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔