لاہور( بیورو رپورٹ )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مستونگ اور ہنگو میں بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کی گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے۔ پشاور سے جاری بیان میں انہوں نے شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے متاثرین کے لیے فوری مالی امداد کا مطالبہ بھی کیا۔ امیر جماعت نے ملک میں مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں کو ان کی آئینی ذمہ داری یاد دلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک پر مسلط موجودہ اور ماضی کے حکمران عوام کو جان ومال کا تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں۔ خیبر پختونخواہ میں کئی ماہ سے دہشت گردانہ واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، بلوچستان جل رہا ہے، اندرون سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں ڈاکو راج ہے، بڑے شہروں میں سٹریٹ کرائمز، ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کا جینا حرام کردیا ہے، ایک طرف مہنگائی ہے تو دوسری جانب سیکیورٹی کی نازک صورتحال، جس سے ملک کا ہر شہری شدید پریشان ہے۔پشاور کی ہی ایک مسجد میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی مہربانﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کرآئے اور انہوں نے قرآن کی صورت میں بنی نوع انسان کو دنیاوی و اخروی کامیابی کا نسخہ تھمایا۔ قرآن اور نبی کریمﷺ کی حیات مبارکہ پر عمل کرکے نہ صرف مسلمان بلکہ دنیا کا ہرشخص کامیاب وکامران ہوسکتا ہے، یہ معاشی، سماجی، سیاسی مسائل کا مکمل حل اور حکمت و تدبر کا خزانہ ہیں۔