لاہور/کراچی/ اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی/ نمائندگان )خاتم الانبیا، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا یومِ ولادت با سعادت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔مساجد، شاہراہوں اور عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے، جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں، اس موقع پر لنگر اور نذر نیاز کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ملتان میں مرکزی ریلی قلعہ کہنہ قاسم باغ سے چوک بازار تک نکالی گئی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی ریلی میں شریک ہوئے۔فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، بہاولپور، جھنگ، سیالکوٹ، بہاولنگر، گجرات، رحیم یار خان سمیت دیگر شہروں میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یومِ ولادت کے جشن کے سلسلے میں حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹہ، خیرپور، میرپور خاص سمیت سندھ بھر میں ریلیاں اور جلوس برآمد ہوئے۔نوشہرہ، مانسہرہ، شبقدر، ایبٹ آباد، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور خیبر پختونخوا کےدیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور آپ صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کے لیے محافل کا انعقاد کیا گیا۔جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں نصیر آباد، جعفرآباد، حب، خضدار، گلگت، استور، مظفر آباد، میر پور، کوٹلی، نکیال، وادی نیلم سمیت مختلف شہروں میں بھی 12ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔خاتم النبیین حضرت ممحمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ با سعادت کے موقع پر نذر نیاز اور لنگر کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ریلیوں اور جلوس کے راستوں پر شربت اور ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگائی گئیں، کہیں حلوہ تیار کیا گیا تو کہیں کھیر اور حلیم، کہیں بریانی تو کہیں حلوہ پوری اور نان چنے تقسیم کیے گئے۔کراچی میں جشن عید میلاد النبی کے موقع پر ریلیوں اور جلسوں کا اہتمام کیا گیا۔نشتر پارک میں جماعت اہلسنت پاکستان کے تحت ہونے والے جلسے سے خطاب میں علمائے کرام نے مستونگ اور ہنگو میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایجنڈے کے تحت فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔لاہور میں عید میلاد النبی پر مختلف مقامات سے جلوس نکالے گئے، شرکا نبی اکرم ﷺ کے حضور درود و سلام اور ہدیۂ عقیدت پیش کرتے رہے، تحریک لبیک نے میاں میر دربار سے جلوس نکالا۔