اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے خوشاب، مردان، کوہاٹ، چارسدہ، مانسہرہ، اور ایبٹ آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے اپنے صدور کی قیادت میں ملاقات کی۔ وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر قانون سے خوشاب، مردان، کوہاٹ، چارسدہ، مانسہرہ، اور ایبٹ آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے اپنے صدور اور کٹلانگ کے تحصیل بار ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی اپنے صدر کی قیادت میں ملاقات کی۔
اس موقع پر بارز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے لیگل ایجوکیشن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ لیگل ایجوکیشن بہت اہمیت کی حامل ہے لیکن اسے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کل پاکستان بار کونسل میں ڈائریکٹریٹ آف لیگل ایجوکیشن کا افتتاح کر دیا گیا ہے جس سے لیگل ایجوکیشن کے شعبے میں بہتری آئے گی۔ وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بار ایسوسی ایشنز میں گرانٹ ان ایڈ کے چیک بھی تقسیم کئے۔