کراچی (نمائندہ خصوصی) شاہ لطیف ٹاون میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کرکے فرار ہونے والے ڈاکوﺅں کو علاقہ مکینوں ںے گھیرے میں لے لیا اس دوران شہری کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔موقع سے دیگر 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، گزشتہ چند روز کے دوران شہریوں نے نارتھ کراچی ، نارتھ ناظم آباد اور کورنگی میں 7 ڈاکو مار ڈالے۔شاہ لطیف ٹاو¿ن کے علاقے گلشن بے نظیر میں قائم ایک گھر میں 6 ڈاکوﺅں نے گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی اور موقع سے فرار ہو رہے تھے کہ اس دوران اہلخانہ نے شور مچا دیا جس پر مکینوں نے ڈاکوﺅں کا تعاقب کیا۔اس دوران نامعلوم شہری کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا اس دوران دیگر 3 ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔علاقہ مکینوں کے مطابق فرار ہونے والے ڈاکو لوٹی گئی 17 لاکھ روپے کی رقم لے جانے میں کامیاب ہوگئے ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوﺅں کے قبضے سے 2 پستول اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔ہلاک ہونے والے ڈاکوﺅں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔