بیجنگ ( نیوز ڈیسک) چین کی وزارت تجارت ، قومی ادارہ شماریات اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف فارن ایکسچینج نے مشترکہ طور پر 2022 میں چین کی بیرونی براہ راست سرمایہ کاری کا شماریاتی اعلامیہ جاری کیا۔جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں ، چین کا بیرونی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم163.12 بلین امریکی ڈالر تھا۔یہ حجم دنیا میں دوسرے نمبر پر اور مسلسل 11 سالوں تک دنیا میں سرفہرست تین میں شامل ہے۔چین کی یہ براہ راست سرمایہ کاری مسلسل سات سالوں میں عالمی براہ راست سرمایہ کاری کی کل مالیت کا دس فیصد سے زائد حصہ بھی ہے۔ 2022 کے اختتام تک چینی سرمایہ کاروں نے دنیا بھر کے 190 ممالک اور علاقوں میں 47,000 کاروباری ادارے قائم کیے۔جن میں تقریبا 60فیصد ایشیا میں واقع ہیں اور 16،000 کاروباری ادارے "بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو”سے وابستہ ممالک میں قائم کیے گئے ہیں۔ 2022 میں چین کی بیرونی براہ راست سرمایہ کاری نے قومی معیشت کے 18 شعبوں کا احاطہ کیا۔ لیزنگ اور کاروباری خدمات ، مینوفیکچرنگ ، فنانس ،ہول سیل اور ریٹیل ، کان کنی اور نقل و حمل سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی مالیت نے دس ارب ڈالر سے تجاوز کیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں ، چینی کاروباری اداروں نے بیرون ملک 75 بلین امریکی ڈالر ٹیکس بھی ادا کیا جو سال بہ سال 35.1 فیصد کا اضافہ ہے۔ سال کے اختتام تک بیرون ملک چینی کاروباری اداروں میں تقریبا 2.5 ملین غیر ملکی ملازمین کام کر رہے تھے۔