اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنےعید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم 12ربیع الاول 1445ھ/2023ءکے موقع پر قوم کے نام پیغام کہا ہے کہ میں نبی اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس رسول ﷺ کا امتی بنایا کہ جو رحمتہ العالمین تھے۔ آپ ﷺ کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لئے قابلِ تقلید ہے۔ نبی اکرم ﷺ کی زندگی ہمدردی، رواداری اورمحبت کی ایک تابندہ مثال ہے۔ آپ ﷺ کا کردار اور اعمال ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں جس میں ہمیں احسان، انصاف اور صلہ رحمی کا درس ملتا ہے جو کہ آج کی منقسم دنیا میں امید کی شمع کی مانند ہے. مملکت پاکستان اس وقت مختلف مشکلات سے نبرد آزما ہے۔ ضروری ہے کہ ہم اس نازک صورتحال میں اپنے پیارے نبی ﷺ کی تعلیمات کی طرف رجوع کریں۔ آئیے بحیثیت قوم ہم بھائی چارے، محبت اور ہمدردی کی ان اقدار پر عمل پیرا ہوں جو رسول ﷺ نے وضع فرمائی ہیں اور ہم تمام مسلمانوں اور مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کے لیے ان کے پیغام کو مشعل راہ بنائیں۔ آئیے ہم رواداری اور بقائے باہمی کا نمونہ بننے کی بھرپورکوشش کریں۔اس مبارک موقع کی مناسبت سے ہم معاشرے کےان لوگوں کو بھی یاد رکھیں جو کمزور اور مفلوک الحال ہیں۔ اور ہماری مدد کے منتظر ہیں. نبی کریم ﷺ نے معاشرے میں ضرورت مندوں اور کمزوروں کی مدد کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ آئیے ہم مل کر ان لوگوں کی مدد کریں جو مشکلات سے دوچار ہیں، ضرورت مندوں کے لیے مہربانی کا ہاتھ بڑھائیں، اور سب کے لیے ایک بہتر مساوی معاشرے کی تعمیر کریں۔آج کا با برکت دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم ان اقدار، جن کی بنیاد آپ ﷺ نے ڈالی، اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اختیار کریں گے.میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمارے ملک پاکستان کو امن ، ترقی، خوشحالی اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے اور ہم سب کو مل کر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی آپ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین.پاکستان پائندہ باد