کراچی (نمائندہ خصوصی )ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ کے لئے وکلاء برادری کی جدوجہد بے مثال ہے،بار ایسوسی ایشن کا انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ہوتا ہے، کورٹ فیس بار ایسوسی ایشن کے لئے مختص کرنے کے لئے قانون سازی کی جائے گی، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز بار ایسوسی ایشن میں چیکوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سیکریٹری قانون علی احمد بلوچ، سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عابد زبیری، ایڈیشنل ایڈو وکیٹ جنرل سندھ اللہ بچایو سومرو، پیپلز لائرز فورم کراچی ڈویژن کے صدر قاضی بشیر احمد اور دیگر بھی موجود تھے، تقریب کے آغاز میں سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ کی تمام بار ایسوسی ایشنز کو بلاتفریق و امتیاز 116 ملین روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں، وکلا کے لئے ہیلتھ انشورنس کا اجراء کردیا گیا ہے اور وکلا برادری کو رہائشی پلاٹوں کی فراہمی کے لئے نئی زمین مختص کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ سندھ کے تین بڑے اسپتال جناح اسپتال، NICVD اور NICH میں فوکل پرسن مقرر کئے جائیں گے جو وکلا کو طبی سہولیات کی فراہمی میں ان کی معاونت کریں گے جبکہ انتقال کرجانے والے وکلا کے ورثا کے لئے وظیفہ مقرر کیا جائے گا تاکہ انہیں مالی مشکلات سے محفوظ رکھا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لئے میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہوں اور رہوں گا، سندھ کی بار ایسوسی ایشنز کو اگلے مالی سال میں فنڈز دینے کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں رقم مختص کردی گئی ہے۔