آرائیں برادری کے سرپرست اعلٰی ریٹائرڈ بریگیڈیئر بشیر آرائیں نے منگل کے روز پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال ٹالپور سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے تمام ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی، سابق وزیر قانون ضیا لنجار اور پیپلز لائرز فورم کراچی ڈویژن کے صدر قاضی بشیر ایڈووکیٹ بھی ان کے ہمراہ۔موجود تھے۔ اس موقع پر ریٹائرڈ بریگیڈیئر بشیر آرائیں نے آرائیں برادری کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ آرائیں برادری پیپلزپارٹی کے ساتھ مکمل طور پر کھلی رہے گی۔شمولیت اختیار کرنے والوں میں نوشہرو فیروز کے انجنئیر طارق محمود آرائیں، کراچی کے چوہدری نسیم آرائیں، محمد انیس آرائیں، چوہدری شبیر آرائیں، احسان الحق، میر پور خاص کے افتخار آرائیں، ڈگری سے حاجی خالد آرائیں، حاجی غلام حیدر آرائیں، سندھ ہائی کورٹ کے ایڈووکیٹ مجتبٰی کورائی، کراچی بار کے سابق جنرل سیکرٹری جی این کورائی اور دیگر بھی شامل ہیں