راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ”ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا‘’ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں۔ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے دورہ پشاور کے موقع پر خواتین سمپوزیم اوراپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دورہ پشاور کیا ۔دورہ کے دوران انہوں نے خواتین سمپوزیم اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ آرمی چیف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان بھی شریک ہوئے۔سمپوزیم میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے ۔ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے‘خیبرپختونخوا کی خواتین نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا“۔”خیبر پختونخوا کی خواتین نے ان تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا“آرمی چیف نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ”وہ خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ اس تبدیلی کاپورا پورا فائدہ اٹھایا جاسکے‘۔اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران، آرمی چیف کو اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف اقدامات سمیت مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی ایپکس کمیٹی کے شرکا ئ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ”ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں“ اجلاس کے شرکائ نے شہدائ کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہاکہ ”ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا“ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔”پاک فوج خیبرپختونخوا کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ معاشی ترقی کی رفتار کو بڑھایا جاسکے“آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔