اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) عمرہ ادائیگی اور زیارت کے نام پر سعودی عرب اور عراق میں بڑی تعداد میں بھکاریوں کو بھجوانے کا انکشاف ہوا ہے، یہ انکشاف سیکرٹری اورسیز نے سینیٹ کمیٹی میں کیا ہے ،انہوں نے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ ایک منظم گروہ عمرہ اور زیارات کے نام پر بھکاریوں کو سعودی عرب اور عراق بھجوا رہا ہے اور ان ممالک کی جانب سے سب سے زیادہ شکایات آرہی ہیں انہوں نے کہاکہ جاپان میں پاکستانی ہنرمندوں کی بھجوانے کے راستے میں بڑی رکاٹ جاپانی زبان سے ناآشنائی ہے اورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضوں کےلئے سپیشل کورٹ تشکیل دئیے جائیں گے۔کمیٹی کا اجلاس چیرمین منظور کاکڑ کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ سیکرٹری اورسیز سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں جاپان سمیت دیگر ممالک کو سرکاری سطح پر پاکستانی ہنرمند بھجوانے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس کے دوران وزارت کے حکام نے بتایا کہ بیرون ممالک پاکستانیوں کے مقابلے میں دیگر ممالک کے شہری کم اجرت پر ڈیوٹی کرتے ہیںاور ان ممالک سے تعلق رکھنے والے زیادہ ہنرمند اور زبان سے آشنا ہوتے ہیں حکام نے بتایا کہ جاپان کے ساتھ 2019میں ہمارا معاہدہ ہوا تھا تاہم ابھی تک ہمارے پاکستانی روزگار کے سلسلے میں زیادہ نہیں جاسکے ہیں سیکرٹری اورسیز نے بتایا کہ بیرون ممالک پاکستانی بھکاریوں کی شکایات بہت زیادہ آرہی ہیں سعودی عرب اور عراقی سفیروں نے بار بار یہ شکایت کی ہے وہاں سے ہزاروں افراد انہی وجوہات کی وجہ سے ڈیپورٹ ہورہے ہیں ہم ان پروموٹرز کے خلاف کارروائی کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ حرم پاک کی اندر بھیک مانگنے والوں کی زیادہ تعداد پاکستان سے ہوتی ہے۔