اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سینٹ کابینہ کمیٹی اجلاس کو چیئرمین نیپرا نے بتایا ہے کہ ڈالر ریٹ میں اضافے سے بجلی صارفین پر 180ارب روپے کا بوجھ پڑا ہے ،بجلی کی پیداوار میں اضافے سے بھی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے کمیٹی نے آئی پی پیز کو کیپیسٹی پے منٹ کی مد میں ادائیگیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ کمیٹی کا اجلاس چیرپرسن سعدیہ عباسی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ سیکرٹری توانائی اور چیرمین نیپرا سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کے حوالے سے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہاکہ ا یس ای سی پی میں دیکھا جائے کہ آئی پی پیز کا ریٹ آف ریٹرن دیکھیں آئی پی پیز کا پھندااب پاکستان کےلئے پھندا بننے جارہا ہے اس پھندے سے نکلنے کا کیا کوئی طریقہ کار ہے انہوں نے کہاکہ بجلی کا فی یونٹ ساٹھ روپے تک پہنچ گیا ہے اس موقع پر کمیٹی اراکین نے استفسار کیا کہ آئی پی پیز کو فیول کی مد میں کتنے ڈالر خرچ کئے جارہے اور کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں سالانہ کتنی ادائیگی کی جارہی ہے اس کی تفصیلات فراہم کریں کمیٹی کے رکن سینٹر کامل علی آغا نے کہاکہ آئی پی پیز نے قوم کی ہڈیوں کو بھی نچوڑ لیا ہے اجلاس کے دوران کمیٹی اراکین نے کہاکہ کے الیکڑک کے ساتھ بجلی کی خریدوفروخت کے معاہدہ کی تفصیلات فراہم کریں اور بتایا جائے کہ کے ا الیکڑک وفاقی حکومت کا کتنا نادہندہ ہے اجلاس کے دوران سینیٹر نصیب اللہ بازئی نے کہاکہ کوئٹہ میں تھانوں میں بجلی بلوں پر مہریں ماری جارہی ہیں اور لوگوں کو بجلی کے ہاتھ سے لکھے بل بھجوائے جارہے انہوں نے کہاکہ اگلے اجلاس میں ہاتھ سے لکھے گئے بجلی بل لے آونگا اجلاس کے دوران اراکین بجلی کے بھاری بلوں پر برس پڑے اور چیرمین نیپرا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں پر بھی سوالات اٹھا دئیے کمیٹی اراکین نے کہاکہ آئی پی پیز سے معاہدوں سے ملک اور عوام کا نقصان ہوا ہے انہوں نے کہاکہ نیپرا صارفین کی بجائے ای پی پیز کا تحفظ کرتا ہے انہوں نے کہاکہ آئی پی پیز کی موجودگی میں عوام کو ریلیف ملنا ممکن نہیں ہے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے اس موقع پر چیرپرسن کمیٹی نے کہاکہ بجٹ شارٹ فال کے نقصانات بجلی صارفین سے پورا کرنا کہاں کا انصاف ھے انہوں نے کہاکہ اب ٹیکس بھی بلوں مین وصول ہورہے ہیں کیا یہ طریقہ قانونی ہے اس موقع پر چیرمین نیپرا نے کہاکہ: جتنی جنریشن بڑھے گی بجلی مہنگی ہوگی اس کا حل یہ ہے کہ حکومت پالیسی کے تحت جنریشن پر پابندی عائد کرے انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قمیت مین اتار چڑھاو سے صارفین پر 180ارب کا اضافی بوجھ پڑ چکا ہے اور اس اب بھی بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے اور اس حوالے سے درخواست پر نیپرا میں سماعت کچھ دیر بعد ہو گی چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں نیپرا اتھارٹی سماعت کرے گی انہوں نے بتایا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے چیرمین نیپرا نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 15 ارب 47 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی اوربجلی کی پیداواری لاگت 131 ارب 11 کروڑ روپے رہی انہوں نے بتایا کہ سب سے مہنگی بجلی فرنس آئل سے پیدا کی گئی فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 33 روپے 32 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ23 روپے 71 پیسے فی یونٹ بجلی ایل این جی سے پیدا کی گئی انہوں نے بتایا کہ ایران سے 25 روپے 9 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی جبکہ 24 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نظر ہوئی انہوں نے بتایا کہ ڈالرکی قدر ایک روپے بڑھنے سے ساڑھے 18 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑتا ہے ہم نے پچھلی دفعہ ڈالر کی قدر 185 لگائی تھی اب 285 سے اوپر جاچکی ہے انہوں نے کہاکہ اقتصادی اشاریئے نیپرا اتھارٹی کے ہاتھ میں نہیں ہیںانہوں نے کہاکہ بجلی کے نئے منصوبے لگانے سے ٹیرف زیادہ ہی ہوگا کم نہیں ہوگاانہوںنے کہاکہ ڈیمانڈ کم ہونے سے بجلی کی قیمت کم ہوگئی ہے مگر کیپسٹی پیمنٹ بڑھ گئی ہے کمیٹی نے آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں اور ادائیگیوں کی تفصیلات اگلے اجلاس میں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔