اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان میں فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی نمائندہ فلورنس رولے نے اسلام آباد میں نگراں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک سے ملاقات کی، ڈاکٹر کوثر ملک نے پاکستان میں غذائی تحفظ اور زرعی پیداوار کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے درمیان دیرینہ شراکت کو سراہا۔ڈاکٹر کوثر ملک نے کہا کہ ایف اے اواور پاکستان کے درمیان خوراک کی کمی اور پائیدار زرعی پیداوار کے حصول کے لیے موجودہ تعاون انتہائی تسلی بخش ہے۔ زراعت، لائیو سٹاک اور فشریز کے شعبے میں پاکستانی ماہرین کی صلاحیت میں اضافے کے لیے ایف اے او سے تعاون کی ضرورت ہے۔بیف سیکٹر میں ایف ایم ڈی کی انتظامی حکمت عملی میں بھی تعاون کی ضرورت ہے۔فلورنس رولے نے حکومت پاکستان کے ساتھ قومی اور صوبائی سطحوں پر کام کرنے کے لیے ایف اے او کے جاری عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے اور خوراک کے نظام میں جدت، تبدیلی اور ڈیجیٹلائزیشن لانے کے لئے ایف اے او مدد فراہم کرے گا۔ فلورنس رولے نے بڑھتی ہوئی مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ملک میں سویا بین کی پیداوار کو بہتر بنانے میں وزارت کی مدد کرنے پر اتفاق کیا۔انہوں نے کہا کہ ایف اے او پہلے ہی ایف ایم ڈی پر کام کر رہا ہے اور بہت جلد اس پر عمل درآمد کے لیے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے ساتھ حکمت عملی بنائی جائے گی۔