اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2024 تیارکرلی ہے ، عازمین کو موبائل سم ،ٹرانسپورٹ ،حرم کے نزدیگ رہائش گاہیں فراہم کی جائیں گی ،عازمین کو وزارت کی جانب سے دو سوٹ کیس فراہم کئے جائیں گے جن پر کیو آر کوڈ کے زریعے تفصیلات درج ہونگی، پالیسی آنے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیگی۔منگل کے روز نگران وفاقی وزیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزارت مذہبی امور نے آنے والے حج کےلئے پالیسی تیار کر لی ہے جو کہ وفاقی کابینہ کے ا جلاس میں پیش کی جائے گی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد حج کی بھرپور تیاریاں شروع کردی جائیں گے انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس حج پالیسی کی منظوری میں تاخیرسے کئی مسائل پیش آئے تھے اور پاکستانی عازمین کو مشکلات کے ساتھ ساتھ مہنگے حج کا بھی سامنا کرنا پڑا انہوں نے کہاکہ نئی حج پالیسی میں 40 روزکے حج سمیت کم مدت کا حج بھی شامل ہوگا جس کی لاگت بھی کم ہوگی انہوں نے کہاکہ وزارت نے آنے والے حج کےلئے ایسے انتظامات کئے ہیں کہ اب کوئی بھی پاکستانی حاجی گم نہیں ہوں گے انہوںنے کہاکہ وزارت کی کوشش ہوگی کہ پاکستانی عازمین کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی جائے اور آنے والے حج کے موقع پر وزارت کی جانب سے عازمین حج کو مخصوص رنگ اور ڈیزائن کے2 سوٹ کیس دیئے جائیںگے جن پر کیو آر کوڈ کی صورت میں عازمین حج کے کوائف موجود ہوںگے سوٹ کیس پرنام،پاسپورٹ نمبر،رہائشگاہ،مکتب نمبرسمیت دیگرمعلومات درج ہوںگی انہوں نے کہاکہ آنے والے حج کے موقع پرعازمین حج ہر وقت پاکستان میں اہل خانہ سے رابطے میں رہ سکیں گے اورعازمین کو پہلی مرتبہ خصوصی موبائل پیکچ دیاجائےگا جس کے لئے سعودی عرب کی موبائل فون کمپنی سے معاہدہ طے پا گیا ہے اور پاکستانی عازمین رومنگ کے بغیرہی موبائل فون پرآڈیو،ویڈیوکال کرسکیں گے انہوں نے کہاکہ 4 ہزارروپے کے موبائل پیکچ سے پاکستان لامحدود بات ہوسکے گی۔