اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے اعلیٰ عہدیداروں کے وفد نے گزشتہ روز پاکستان کی قومی اسمبلی کا دورہ کیا ہے،یہ دورہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور سعودی عرب کے مجلس شوری کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل شیخ کے درمیان ہونے والے ملاقات میں مشترکہ لائحہ عمل کا نتیجہ ہے جس میں پاکستان کی قومی اسمبلی اور مجلس شوریٰ کے درمیان تعاون اور اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔مجلس شوریٰ کے عہدیداروں پر مشتمل سعودی وفد کو قومی اسمبلی کی جانب سے مکمل اور جامع ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفد نے پاکستان کی قومی اسمبلی کی جانب سے شروع کیے گئے مختلف منصوبوں کی پیش رفت کو سراہا۔ بعد ازاں وفد نے قومی اسمبلی ہال سمیت پارلیمنٹ ہاو¿س کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔