اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نگران وفاقی وزارت اطلاعات وتشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے امریکی خبررساںادارے کو انٹرویو میں ریمارکس کو غلط رپورٹ کیا گیا، پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتیں انتخابات میں حصہ لینے کے لئے آزاد ہیں،اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین اور مروجہ انتخابی قوانین کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کا مساوی حق حاصل ہے،انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم تجویز کر رہے تھے کہ انتخابات میں حصہ لینا ایک حق ہے لیکن جرائم پر سزا قانونی طور پر جائز ہے،اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ انٹرویو کے ایک حصہ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، یہ غلط تاثر دیا گیا کہ کسی مخصوص شخص کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی،وزارت اطلاعات نے نگران وزیراعظم کے انٹرویو کے متن کا بھی حوالہ دیا،نگران وزیراعظم انوار الحق نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ”ہم ذاتی انتقام نہیں لے رہے، نگران وزیراعظم نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ قانون سب سے اہم ہے، چاہے عمران خان ہو یا کوئی اور سیاستدان، ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر قانون لاگو ہوگا، انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم نے کہا تھا کہ شفاف انتخابات عمران خان یا ان کی پارٹی کے سینکڑوں ارکان کے بغیر ہو سکتے ہیں جو توڑ پھوڑ اور جلاﺅ گھیراﺅ سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر جیلوں میں ہیں، یہ اس تشدد کا حوالہ ہے جب مئی میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا،انوار الحق کاکڑ نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ عمران خان کی پارٹی کے ہزاروں لوگ جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں، سیاسی عمل چلائیں گے، وہ انتخابات میں حصہ لیں گے، وزارت اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کے رہنما کسی بھی دوسری جماعت کی طرح انتخابات میں حصہ لینے کے لئے آزاد ہیں،پی ٹی آئی یا پارٹی کے کسی بھی رہنما کے الیکشن لڑنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے،ہر شہری قانون کے سامنے برابر ہے اور قانونی الزامات کا سامنا کرنے والے کسی بھی فرد کے حوالے سے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا،عدلیہ آزاد اور خودمختار ہے اور نگران حکومت کے پاس نہ تو عدالتوں پر اثر انداز ہونے کا کوئی اختیار ہے نہ ارادہ،کسی قانونی یا عدالتی فیصلے سے متاثرہ شخص کو ریلیف کے لئے اعلی عدالتی فورم سے رجوع کا آئینی حق حاصل ہے،نگران حکومت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے پرعزم ہے،نگراں حکومت انتخابات کے انعقاد کے لئے آئینی اور قانونی ڈھانچے کی حمایت کرے گی،نگران حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور آزاد عدلیہ کے تمام احکامات اور ہدایات پر مکمل عمل درآمد ہو۔