اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سابق وفاقی وزیر اور رہنماء پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا ہے کہ عارضی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کرڈالا ہے،ان کے آنے کے بعد لگ رہا ہے جیسے زلزلہ آگیا یا پاکستان پر جنگ مسلط ہوگئی ہے،روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی بڑھتی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے صنعتوں پر دس فیصد سپر ٹیکس نافذ کرنے کے اعلان پر رہنماء پی ٹی آئی فواد چودھری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عارضی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کرڈالا،ان کے آنے کے بعد لگ رہا ہے جیسے زلزلہ آگیا یا پاکستان پر جنگ مسلط ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی بڑھتی جارہی ہے، انہوں نے پاکستان کی پوری معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بغیر سوچے سمجھے فیصلے کرر ہے ہیں جس پر بڑا ردعمل آتاہے، پاکستان کی معیشت اور صنعت کا دارومدار کاروباری طبقے پر ہے، ان کی پالیسیز کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ ہونے جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عارضی ہے، واحد حل یہی ہے کہ ملک میں فوری عام انتخابات کرائے جائیں۔