لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان میں نجی شعبے کی جانب سے گندم امپورٹ کے عمل نے بیرون ملک 10 لاکھ ٹن خریداری کا بڑا سنگ میل عبور کر لیا ہے، سندھ، پنجاب کے امپورٹرز اور فلور مل مالکان نے دسمبر تک کراچی آمد کیلیے18 بحری جہاز بک کر لیے ہیں جبکہ مزید خریداری جاری ہے۔ ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد امپورٹرز نے گندم کی ایکس کراچی قیمت میں 500 روپے فی بوری کمی کردی ہے، جس کے بعد درآمدی گندم کی ایکس کراچی قیمت 4080 روپے فی من ہو گئی ہے، پنجاب میں مقامی (دیسی) گندم کی موجودہ قیمت کے مقابلے امپورٹڈ گندم 400 روپے فی من تک سستی ہونے کی وجہ سے فلورملز نے مقامی گندم کی خریداری کم کردی ہے۔ سندھ اور پنجاب کے فلورملز مالکان اور امپورٹرز پر مشتمل چھ گروپس اس وقت گندم امپورٹ کر رہے ہیں۔ کاروباری مسابقت اورڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کے تناسب سے امپورٹڈ گندم کی قیمت میں مسلسل کمی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز لاہور میں درآمدی گندم 4332 روپے فی من، راولپنڈی اسلام آباد 4400روپے میں پہنچ رہی تھی جبکہ رحیم یار خان میں درآمدی گندم کی قیمت4228 روپے اور پشاور میں قیمت4408 روپے فی من ہے۔ قابل توجہ بات یہ ہے کہ مقامی گندم کی قیمت لاہور میں4650 روپے، راولپنڈی4750، رحیم یارخان4625 روپے ہے۔ لاہور میں بیس کلو آٹا تھیلا کی قیمت2750 روپے، راولپنڈی میں2720 روپے ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی کیپٹن (ر) محمود نے امپورٹڈ گند م کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کردی ہیں۔