لاہور (نمائندہ خصوصی) بینائی متاثر ہونے کا معاملہ پر پنجاب حکومت نے 10 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی جو کہ 7 روز میں تحقیقات کریگی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے آنکھوں کے انجکشن ایوسٹین سے بینائی متاثر ہونے کے معاملے پر نئی 10 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ نوٹیفیکشن کے مطابق نگران وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم کو تحقیقاتی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔کمیٹی نا خوشگوار واقعہ کے اسباب اور وجوہات کا تعین کرے گی،جبکہ 7 روز میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کو پیش کی جائے گی۔ یاد رہے کہ رجسٹرڈ ایوسٹین انجکشن کی ڈسٹری بیوشن پر پابندی عائد کر دی گئی ہے،ایوسٹین انجکشن کے امپورٹر کو حکمنامہ ارسال کر دیا گیا۔ ذرائع ڈریپ کے مطابق پابندی صحتِ عامہ کے تحفظ اور غلط استعمال روکنے کیلئے لگائی گئی ہے۔