اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اٹک جیل سے بڑی خبر سامنے آگئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل راول پنڈی میں منتقل ہونے سے منع کر دیا۔ آفیشل سیکریٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت کی۔ ایف آئی اے نے آج بھی چالان جمع نہ کروایا جس پر عدالت نے ایف آئی اے کو جلد چالان جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں دس اکتوبر تک توسیع کردی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت کے سامنے بیان دیا کہ اڈیالہ جیل منتقل نہیں ہونا چاہتا، میں اٹک جیل میں ایڈجسٹ ہو گیا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ میں اپنے وکلا سے کہوں گا، اڈیالہ منتقلی کی درخواست واپس لے لیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین کو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔