کراچی(نمائندہ خصوصی)
پاکستان کے نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام جماعتوں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی مکمل آزادی ہونی چاہیے اور سرکاری میڈیا کو کسی جماعت کی حمایت یا مخالفت نہیں کرنی چاہیے۔سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق اتوار کو ریڈیو پاکستان کراچی کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ’آئین میں یہ واضح ہے کہ ملک کا نظام منتخب نمائندے چلائیں گے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سرکاری میڈیا کو کسی جماعت کی حمایت یا مخالفت نہیں کرنی چاہیے۔‘اے پی پی کے مطابق انہوں نے سرکاری میڈیا کو ہدایت جاری کی کہ ’تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مناسب کوریج دی جائے۔‘مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ ’یہ نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ منصفانہ انتخابات کے لیے ماحول فراہم کرے۔‘ پاکستان میں انتخابات کروانے کے لیے ذمہ دار ادارے الیکشن کمیشن نے 21 ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ ’پاکستان میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں ہوں گے۔‘گذشتہ جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو جبکہ ابتدائی حلقہ بندیوں کی تجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر 2023 کو جاری کی جائے گی۔‘دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ میں موجود پاکستان کے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بھی 23 ستمبر، 2023 کو نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کے حوالے سے بات کی تھی۔نیویارک کے پاکستان مشن میں نیوز کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں انتخابات وقت پر ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری انتخابات کروانا ہے اور وہ بہت جلد انتخابات کی تاریخ دے دے گاان کا مزید کہنا تھا کہ ’کسی بھی سیاسی جماعتی کو انتخابی عمل سے روکنے کا ارداہ نہیں ہے۔ اگر کوئی خود ہی ان خدشات کا شکار ہے تو اس کا کیا علاج ہو سکتا ہے۔کیا الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کسی جماعت پر پابندی کا کوئی نوٹی فیکیشن جاری کیا ہے، کیا الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کسی فرد کے سیاسی عمل میں حصہ لینے پر پابندی لگائی ہے؟‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر مجھ سمیت کوئی شخص پاکستان میں توڑ پھوڑ کرے گا، آگ لگائے گا، لوگوں کے جان و مال کے لیے خطرہ ثابت ہو گا تو پاکستان کے قوانین اس بات کی اجازت نہیں دیتے۔‘جبکہ گذشتہ روز امریکی خبر رساں ادارے اے پی کو دیے گئے انٹرویو میں نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے کہا تھا کہ ’ پاکستان میں عام انتخابات اگلے برس ہونے کی امید ہے۔‘انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’جب الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا تعین کرے گا تو ان کی حکومت تمام تر معاونت کرے گی جس میں مالی معاونت اور سکیورٹی کی فراہمی سمیت دیگر متعلقہ ضروریات پورا کرنا شامل ہے۔‘