لاہور (نمائندہ خصوصی) سول ایوی ایشن کی دو حصوں میں تقسیم کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام پر مشتمل 9رکنی کمیٹی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اثاثے اور فنڈز کی نئے محکموں میں تقسیم کرے گی،تشکیل دی جانے والی 9رکنی کمیٹی کو 15اکتوبر تک ٹاسک سونپ دیا گیاہے۔ جوائنٹ سیکرٹری منسٹری آف ایوی ایشن شازیہ رضوی کمیٹی کی چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ جوائنٹ سیکرٹری اقبال آصف، وزارت خزانہ کے جوائنٹ سیکرٹری عبدالمالک، ڈپٹی ڈی جی ریگولٹری سی اے اے نادر شفیع ڈار، صدر ایرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ ایئرکموڈور مرزا عامر ولایت، ڈائریکٹر فنانس ثاقب بٹ بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ ایئروائس مارشل تیمور اقبال کمیٹی کے معاون ہوں گے۔مزید بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی اور بیوروآف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن میں تقسیم کیا جائے گا، کمیٹی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اثاثے اور فنڈز نئے محکموں میں تقسیم کرے گی، کمیٹی افسران کے ٹرانسفر، ریکارڈم، اسپیس اور فرنیچر کی تقسیم کو بھی دیکھے گی۔ مشینری، گاڑیوں اور فنڈز کی تقسیم بھی کمیٹی کااختیار ہوگا۔