نیویارک (نمائندہ خصوصی) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے، کینیڈا واقعے نے مغرب کی آنکھیں کھول دی ہیں،کسی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا، 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی،ملکی مفاد بارے فیصلے کر رہے ہیں، حکومتی پالیسیوں سے بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔پاکستان مشن نیو یارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوارالحق نے کہا کہ آج ہمارا دورہ اختتام پذیرہوگیا ہے، ہمارا دورہ بہت کامیاب رہاہے اس دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس سمیت دیگر رہنماوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں کشمیر، کلائمیٹ چینج اور فلسطین بارے پاکستان کا بھرپور موقف پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دو دہائیوں سے بھارت کی دہشت گردی کا نشانہ بن رہا ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما ءکو بہیمانہ انداز میں قتل کیا گیا جس کے بعد بھارت پر سنجیدہ نوعیت کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، کینیڈا میں بھارتی اقدامات سے مغربی دنیا کو جھٹکا لگا ہے، واقعے نے مغرب کی آنکھیں کھول دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے مسئلہ فلسطین حل ہو، امن کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مسئلہ کشمیر، فلسطین اور ہندو توا سے متعلق دنیا کو آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاست منی پور میں سینکڑوں مرد اور خواتین کو قتل کیا گیا،وہاں مسیحی برادری سے برا سلوک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ پر پاکستان نے بطور ریاست بلاتاخیر ذمہ دار عناصر کیخلاف ایکشن لیا، واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اشیا خور و نوش کی کوئی قلت نہیں ہے،چینی وگندم مافیا کیخلاف کارروائی کرکے قیمتوں میں مصنوعی اضافہ روک لیا ہے، حکومتی اقدامات سے ڈالر ریٹ بھی نیچے آنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے مفاد بارے فیصلے کر رہے ہیں،حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کا انعقاد کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، نگراں حکومت کا کام الیکشن کمیشن کو صاف شفاف انتخابات میں معاونت کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں سے دور رکھنے کا ارادہ ہے نہ اس کی تیاری ہے البتہ 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص قانون کی خلاف ورزی اور توڑ پھوڑ کرے گا تو سیاسی جماعت سے تعلق ہونے کی بنا پر بچ نہیں سکتا، ملوث خواتین کو بھی جنس کی بنیاد پر رعایت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعمیری بات چیت جاری ہے، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کی خودمختاری کا احترام کیا اور آئندہ بھی کرے گا۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کا دفاع کرنا جانتا ہے، پاکستان کے امریکا کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر سے کثیرجہتی امور پر بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے کچھ مانگا نہیں، بلکہ یقین دلایا گزشتہ حکومت کے معاہدوں کی پاسداری کریں گے۔