لاہور (نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ مختلف علاقوں میں پانی لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہو گیا ، سروسز ہسپتال لاہور کی ایمرجنسی اور ڈاکٹروں کے کمروں میں بھی بارش کا پانی داخل ہونے سے سارا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ لاہور میں بجلی کی تار ٹوٹ کر بارش کے پانی میں گرنے سے 16 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا، بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہو گیا اور لیسکو ریجن میں 100سے زائد فیڈرز سے بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش کے پیش نظر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین سے صوبائی اور ضلعی افسران کو ہدایات دیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں رات گئے شروع ہونے والی شدید بارش صبح تک جاری رہی۔کئی گھنٹوں تک مسلسل ہونے والی بارش کے باعث لاہور کے متعدد نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو، جوہر ٹاﺅن، گلبرگ، گلشن راوی سمیت کئی علاقے بارش کے پانی کی وجہ سے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔گلشن راوی رستم پارک میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔اس کے ساتھ دیگر نشیبی علاقوں میں بھی پانی گھروں میں داخل ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔مغل پورہ، مصطفی آباد، نیلا گنبد، کوئنز روڈ، سمن آباد، راج گڑھ، شاد باغ، جلو پارک، محمود بوٹی، گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ، شاہدرہ سمیت دیگر مقامات پر جم کر بادل برسے، بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹنے سے درجہ حرارت 23 ڈگری تک پہنچ گیا۔سروسز ہسپتال لاہور کی ایمرجنسی اور ڈاکٹروں کے کمروں میں بھی بارش کا پانی داخل ہونے سے سارا نظام درہم برہم ہوگیا۔بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیموں کو فیلڈ میں متحرک کردیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 97ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گلشن راوی 83،قرطبہ چوک 80جب کہ جوہر ٹاﺅن میں 67ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دریں اثنا آغاز گلزار انڈرپاس کی جانب درخت گر گیا، جس سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا رہا ۔لیسکو ریجن میں بارش سے 100 سے زائد فیڈرز سے بجلی سپلائی بند ہو گئی۔ اکبری منڈی میں بجلی کی تار ٹوٹ کر بارش کے پانی میں گرنے سے 16 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی سرفراز کی لاش کو پانی سے نکال لیا جبکہ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر کارروائی کا آغاز کردیا دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش کے پیش نظر نگران وزیر اعلی پنجاب نے چین سے صوبائی اور ضلعی افسران کو ہدایات دیں کہ پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جائے تا کہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محسن نقوی نے فون کرکے انتظامیہ اور واسا حکام کو فیلڈ میں پہنچنے کا حکم دیا اور ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تمام مرکزی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے سپیشل ٹیمیں تعینات کی جائیں۔