کراچی(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ دنیا اخبار اور دیگر اخبارات سے نکالے گئے میڈیا ورکرز کے حوالے سے ہم اے پی این ایس اور میڈیا مالکان سے رابطے میں ہیں۔ جواخبارات اور ٹی وی چینل بند ہوچکے ہیں ان کے سرکاری اشتہارات بند کیے جائیں گے، ان کو میڈیا لسٹ سے خارج کیا جائے گا اگر ان کو اشتہارات مل رہے ہیں تو یہ بڑا فراڈ اور زیادتی کی بات ہے، جو اخبارات اور ٹی وی چینل ملازمین کو تنخواہیں نہیں دیتے ان کو سرکاری اشتہارات جاری نہیں کیے جائیں گے، ایسے اداروں کی نشاندہی میڈیا ورکرز کو بھی کرنی پڑے گی،صحافیوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ کی سہولیات جلد فراہم کی جائیں گی،ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات نے کراچی پریس کلب میں گورننگ باڈی سے ملاقات اور سینئیر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،وفاقی وزیر اطلاعات کو کراچی پریس کلب میں خوش آمدید کہتے ہوئےکراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ چند گھنٹوں کے نوٹس پر دنیا اخبار کراچی کا پورا دفتر ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے،65 سے زائد میڈیا ورکرز بے روزگار ہوگئے ہیں جبکہ دنیا اخبار کو سرکاری اشتہارات تسلسل سے جاری کئے جارہے ہیں جو صحافیوں کے ساتھ زیادتی ہے، ایسے تمام اخبارات کو سرکاری اشتہارات اور واجبات کی ادائیگی بند کردینا چاہیے جو میڈیا ورکرز کو جبری برطرف کررہے ہیں،اخبارات کے دفاتر کو بند اور اخبارات کے صفحے کم کرنے والے میڈیا مالکان کا احتساب ہونا چاہیے، وفاقی حکومت صحافیوں کے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجراء یقینی بنائے اور کراچی پریس کلب کو خصوصی گرانٹس جاری کی جائیں، انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان اپنے ورکرز کو اعتماد میں لئے بغیر ٹی وی چینلز کی خرید و فروخت میں مصروف ہیں،بول ٹی وی سمیت تمام میڈیا مالکان کو اپنے میڈیا ورکرز کی تنخواہیں اور واجبات کی بروقت ادائیگی کا پابند بنانا چاہیے،وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ عمران خان کے نام لینے پر کوئی پابندی نہیں ہے، ہماری حکومت نگراں ضرور ہے لیکن ہم غیر آئینی نہیں ہے، ہم صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی اقدامات کررہے ہیں، میڈیا مالکان اور ان کی تنظیموں کے ساتھ مل کر کوئی لائحہ عمل تیار کریں گے جس سے میڈیا ورکرز کو ریلیف فراہم کیا جائے،انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب میرا بھی دوسرا گھر ہے میں نے ایک طویل عرصہ بحیثیت صحافی کراچی پریس کلب میں گزارا ہے میری خواہش ہے کہ میں کراچی پریس کلب اور صحافیوں کی بہتری کے لئے اچھے اقدامات کرسکوں۔ اس موقع پر نائب صدر مشتاق سہیل، جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان، گورننگ باڈی کے اراکین ذوالفقارj راجپر ،شمس کیریو ، فاروق سمیع،پریس انفارمیشن آفیسر عاصم کھیجی، ڈی جی پی آئی ڈی کراچی ارم تنویر، پی ایف یو جے جے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ، صدر کے یو جے برنا گروپ کے اعجاز احمد۔کے یو جے دستور کے جنرل سیکریٹری نعمت خان، سینئر صحافیوں مظہر عباس، امتیاز فاران،فاضل جمیلی، مجاھد بریلوی،قاضی آصف اور دیگر صحافی موجود تھے، کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی،سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد اور گورننگ باڈی کے اراکین نے وفاقی وزیر اطلاعات اور پریس انفارمیشن آفیسر کو اجرک کا تحفہ پیش کیا