اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) مصر میں منعقدہ بحری، بری اور فضائی افواج پر مشتمل بین الاقوامی فضائی مشق برائٹ اسٹار 2023 میں حصہ لینے والے پاک فضائیہ کے دستے نے مشق میں کامیاب شرکت کے بعد وطن واپسی پر ایک آپریشنل ایئر بیس پر لینڈنگ کی۔ مشق کی بدولت اس میں شامل دنیا بھر سے کل 30 ممالک کی
مسلح افواج کے مابین باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ حاصل ہوا۔ مشق میں حصہ لینے والے پاک فضائیہ کے دستے میں شامل پیشہ ورانہ مہارت کے حامل لڑاکا پائلٹس، ماہر ایئر ڈیفینس کنٹرولرز اور تجربہ کار تکنیکی گراؤنڈ عملے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ پیش کیا۔ پاک فضائیہ کے دستے نے فضائی مشق میں انتہائی فخر اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جدید جےایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کو ایک بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریٹ کیا.برائٹ سٹار مشق کا بنیادی مقصد باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے شریک ممالک کے مابین تربیتی شعبے میں باہمی اشتراک کو تقویت دینا تھا۔ مشق کے دوران، پاک فضائیہ کے ایئر و گراؤنڈ عملے نے پے در پے غیر معمولی فضائی عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے سب سے بہترین فضائی اثاثے، جے۔ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے کی بہترین خصوصیات کو انتہائی مؤثر انداز سے اجاگر کیا۔ سخت تربیت اور حقیقت پسندانہ فضائی جنگی منظرناموں سے بھرپور مشق میں حصہ لیتے ہوئے، پاک فضائیہ کے دستے نے عالمی امن اور سلامتی کے لیئے مؤثر کردار ادا کرنے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا اور عصر حاضر کی فضائی جنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی مکمل تیاری کا ثبوت دیا۔فضائی جنگ کے اعتبار سے برائٹ اسٹار مشق میں پاک فضائیہ کے عملے کی شاندار پیشہ ورانہ کامیابی انکی لگن اور اعلیٰ آپریشنل صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ مشق میں پاک فضائیہ کی شرکت، فضائی جنگ میں نئے ابھرتے ہوئے جدید عوامل سے ہم آہنگ رہنے کی اسکی صلاحیت اور جدید دور کی فضائی جنگ کے بدلتے ہوئے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کا مظہر ہے۔