راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا کے دو اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشنز کے نتیجے میں آٹھ دہشت گرد واصل جہنم ہوگئے جبکہ پانچ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں پہلے آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ 5 گرفتار کرلئے گئے ۔ یہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد انہ کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں 31 اگست کو جانی خیل میں فوجی قافلے پر موٹر سائیکل سوار خودکش حملے میں سہولت کاری شامل تھی، جس میں وطن عزیز کے 9 بہادر بیٹوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ایک اور آپریشن کے دوران بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود مزید دہشت گرد وں کے خاتمے کےلئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اہل علاقہ نے سیکورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا ہے ۔ پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔