اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے عالمی دنیا سے بہیمانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر عارف علوی نے کینیڈا کے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کی شدید مذمت اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صدر نے کہا ہے کہ دنیا کینیڈا کی سرزمین پر بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والے قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔صدر مملکت کا کہنا تھا بھارت اور بھارت سے باہر اقلیتی گروہوں کی قیادت پر ظلم کرنا اور ا±نہیں ختم کرنا بھارت کی پالیسی رہی ہے۔سکھ رہنما کے بہیمانہ قتل نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔ بھا رت اقلیتی گروہوں کے خلاف عدم برداشت کا مظاہرہ کرتا آیا ہے۔بھارت کئی دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں اور دیگر اقلیتی گروہوں کے خلاف دہشت گردی جاری رکھے ہوئے ہے، صدر مملکت نے کہا مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم، اقلیتوں پر ظلم و ستم اور ان کی عبادت گاہوں کو مسمار کرنے پر دنیا کی خاموشی اور بے عملی نے بھارت کو غیر ملکی سرزمین پر ایسی کاروائیوں کا حوصلہ دیا، یہ ایک کھلا راز ہے کہ بھارت ہمسایہ ممالک کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا رہا ہے۔بھارت فالس فلیگ آپریشنز، پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے عسکریت پسندوں کی تربیت، فنڈنگ اور مدد سے خطے میں مسائل اور عدم استحکام کا سب سے بڑا باعث ہے۔ افسوس کہ دنیا ایسی باتوں پر خاموش رہنے کا انتخاب کرتی ہے ۔