اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نیب حکام اربوں روپے مالیت کے کرپشن ریفرنسز کا ریکارڈ لے کر احتساب عدالت پہنچ گئے۔نیب کی ٹیموں نے 81 کرپشن کیسز کا ریکارڈ احتساب عدالت پہنچایا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی ہدایت پر نیب کیسز کے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد متعلقہ احتساب عدالتوں کو بھیجا جائےگا۔سابق صدر آصف زرداری، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی کے نیب کیسز کا ریکارڈ احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنسز کا ریکارڈ احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ، شرجیل میمن اور اومنی گروپ کے نیب کیسز کا ریکارڈ احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب نیب تفتیشی افسران کی رجسٹرار احتساب عدالت کے ساتھ ملاقات میں نیب کیسز کے قانونی پہلووں کا ابتدائی جائزہ لیا ہے۔ نیب تفتیشی افسران کی رجسٹرار احتساب عدالت کے ساتھ آدھے گھنٹے سے زائد ملاقات جاری رہی۔ زرائع کے مطابق نیب تفتیشی افسران اور احتساب عدالت رجسٹرار نے نیب کیسز کے قانونی پہلووں کا ابتدائی جائزہ لیا۔ رجسٹرار احتساب عدالت نے ہدایت کی ہے کہ نیب تفتیشی افسر ایک ایک کرکے اپنے نیب کیسز کا ریکارڈ پیش کریں۔نیب کیسز کے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد متعلقہ احتساب عدالتوں کو بھیجا جائےگا۔ اس سے پہلے عدالت نے رجسٹرار احتساب عدالت کو ایک بجے تک کیسز کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی۔ احتساب عدالت جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ ایک بجے تک نیب کیسز ریکارڈ کا جائزہ لیکر عدالت کو آگاہ کریں۔