کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملک کا اہم صنعتی ادارہ ہے جو سابقہ ادوار میں کرپشن، بدانتظامی کی وجہ سے تباہ کردیا گیا اور ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کردیا گیا، ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان اسٹیل کو روس اور مقامی ماہرین کے تعاون سے فوری بحال کیا جائے اور ہزاروں محنت کشوں کے روزگار کو بحال کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے سینئر نائب صدر ظفر خان اور نظام الدین شاہ کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ سابقہ حکومت نے بھی وعدوں کے باوجود مل نہیں چلایا اور موجودہ حکمران بالخصوص بلاول بھٹو نے اسٹیل مل کے محنت کشوں سے بحالی کا وعدہ کیا ہے جسے پورا کیا جائے تاکہ پاکستان اسٹیل کی بحالی سے روزگار میں اضافہ ہو، ساتھ ہی قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوسکے اور حکومت کی آمدنی میں بھی ڈیوٹی اور ٹیکسز کی مد میں اضافہ ہوسکے، اس سلسلے میں روس کی پیشکش سے فائدہ اٹھایا جائے ساتھ ہی ای اوبی آئی کے پنشرز کو دی جانے والی پنشن میں بھی اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔