راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید کے زیر استعمال لال حویلی کو سیل کر دیا، آپریشن کے دوران ایف آئی اے اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ لال حویلی واگزار کرانے کیلئے متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے آپریشن مکمل کرتے ہوئے لال حویلی کے مرکزی دروازوں کو سیل کیا، سابق وزیر داخلہ شیخ احمد رشید کا دفتر اور لال حویلی کے مرکزی ہال کو جانے والا راستہ بھی مکمل سیل کر دیا گیا۔ آپریشن کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے زیر استعمال لال حویلی کی پراپرٹی، سیاسی بیٹھک سمیت 7 یونٹس کو سیل کیا گیا ہے، آپریشن مکمل ہونے کے بعد متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام نے لال حویلی کے مرکزی دروازے پر تالا لگا دیا۔ متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن میں ایلیٹ فورس، پولیس اور ایف آئی اے نے معاونت کی، لال حویلی کی رجسٹری جعلی نہیں تھی، کارروائی کے بعد منسوخ کی گئی ہے، شیخ رشید اپیل میں جا سکتے ہیں ان کے پاس قانونی راستہ موجود ہے۔