لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے عمران ریاض کی بازیابی کیلئے آئی جی پنجاب کو آخری موقع دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلی سماعت پرصحافی کو پیش نہ کیا گیا تو عدالت خود فیصلہ جاری کردے گی۔تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے صحافی عمران ریاض کے والد کی درخواست پر سماعت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور عدالت میں پیش ہوئے اور عمران ریاض کی بازیابی کے لئے مہلت مانگی۔عدالت نے آئی جی پنجاب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ماہ سے آپ کی باتیں صبر سے سن رہا ہوں، مگر اب صبر کا پیمانہ ختم ہو رہا ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ میرے بیٹے کو اغواءکیا گیا ہے، عدالت بازیابی کا حکم دے۔عدالت نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ عمران ریاض کی بازیابی کے لئے کیا پیشرفت ہوئی، جس پر ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ ہم نے عدالتی احکامات پر عمران ریاض کے والد سے ملاقات کی،انہیں تمام پیشرفت سے آگاہ کیا، معاملے پر ٹھیک ڈائریکشن پر جا رہے ہیں۔چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل میاں ولی اشفاق سے استفسار کیا کہ اگر آپ رضامند ہیں تو مہلت دے دیتا ہوں جس پر انہوں نے رضا مندی ظاہر کی جس پرعدالت نے آئی جی پنجاب کو آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ اگر اگلی سماعت پر عمران ریاض کو بازیاب کرا کے پیش نہ کیا گیا تو عدالت خود کوئی فیصلہ جاری کردے گی۔بعد ازاں کیس کی سماعت 26ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔