اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)عدالت نے عمران، بشری غیر شرعی نکاح کیس میں وکیل اور پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرد جرم کا معاملہ آیا تو بشریٰ بی بی کی حاضری ضروری ہوگی۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سول جج قدرت اللہ نے عمران خان اور بشری بی بی کیخلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کی۔پراسیکیوٹررضوان عباسی اور عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت شروع ہوئی تو پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے سماعت بغیرکارروائی ملتوی کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ دائرہ اختیار کی درخواست پر دلائل کے لئے تیاری کرنی ہے، وقت درکار ہے۔وکیل نعیم پنجوتھا نے بھی بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ عدالت نے بشریٰ بی بی کی مستقل درخواست استثنیٰ منظور کررکھی ہے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فرد جرم کا معاملہ آیا تو ان کی حاضری ضروری ہوگی۔وکیل نعیم پنجوتھا نے عدالت سے استدعا کی کہ وکیل شیر افضل مروت دائرہ اختیار کی درخواست پر دلائل دیں گے۔عدالت نے کہادونوں فریقین کے دلائل ایک ہی تاریخ پر ساتھ ساتھ سن لیں گے، آپ اپنے دلائل سے قبل مختلف عدالتوں کے فیصلے بھی جمع کروا دیں۔وکیل نعیم پنجوتھا نے استدعا کی آئندہ سماعت کی تاریخ چھوٹی دیں۔عدالت نے وکیل شیرافضل مروت اور پراسیکیوٹر رضوان عباسی کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 25ستمبر تک ملتوی کردی۔