کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی کی مقامی عدالت میں ملزم نے جوتا جج کی جانب اچھال دیا تاہم جوتا جج کو نہیں لگا لیکن جج نے اس پر شدید برہمی کا اظہا رکیا۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ ضلع وسطی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحفیظ لاشاری کی عدالت میں پیش کیے گئے ملزم نے جوتا جج کو دے مارا تاہم خوش قسمتی سے جوتا جج کو نہیں لگا۔ ملزم نے جوتا جج کی جانب اچھالنے کے بعد کہا کہ اب مجھے سزا دو اس پر عدالت نے ملزم کے اس اقدام پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں عدالت نے ملزم تسلیم کو 6 ماہ قید کی سزا سنادی اور ایک ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔ ملزم کے خلاف منشیات کا مقدمہ درج ہے جب کہ ملزم کی جانب سے جج کو جوتا مارنے کی خبر پھیل گئی۔