نیو یارک (نمائندہ خصوصی) سیکرٹری خارجہ سائرس قاضی نے کہا ہے کہ بھارت کی کینیڈا میں دہشتگردی ہمارے کیلئے حیران کن نہیں،وہ پاکستان میں بھی عدم استحکام کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔نیویارک میں پریس بریفنگ کے دوران سیکرٹری خارجہ سائرس قاضی نے کہا کہ بھارت کی کینیڈا میں دہشت گردی پاکستان کے لئے حیرا ن کن نہیں ہے،جسٹن ٹروڈو نے بھارت پر جو الزام لگایا اس میں کچھ حقیقت توہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے، پاکستان میں بھی عدم استحکام کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کا حاضر سروس نیول افسر پکڑا ہوا ہے، فروری 2019 میں ہم نے دفاع کیا، ضرورت پڑی تو پھر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بھارت کو کوئی اگر سمجھتا ہے تو وہ ہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ جمعہ کو جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیر اور افغانستان سمیت تمام اہم ایشوز پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔