کراچی ( بلدیاتی رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کرتے ہوئے ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے انہدامی کارروائیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ کی واضح ہدایت پر کے ڈی اے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کا عملہ بلا تفریق قابضین کے خلاف مؤثر آپریشن کررہا ہے۔یقینی بنایا جارہا ہے کہ مستقبل قریب میں واگزار کرائی گئی اراضی پر تجاوزات قائم نہ ہوں۔سو فیصد کے ڈی اے اراضیاں قبضہ مافیا سے چھڑانے کے لئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔گزشتہ روز محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے عملے نے کورنگی سیکٹر 48/F اور سیکٹر 6/C میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 4 ایکڑ اراضی سے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا۔
کارروائی کے دوران الرحمن فلاحی سوسائٹی کے 100 فٹ روڈ کے اطراف غیر قانونی 6 باؤنڈری وال، 10 جھونپڑیاں، 4 شیڈ، 4 دکانیں جبکہ سیکٹر 6/C میں غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے منہدم کیا گیا۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی ایگزیکٹو انجینئر کورنگی کی نگرانی میں کی گئی۔ ادارہ ترقیات کراچی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی کی ہدایت پر واگزار کرائی اراضی کو اصل شکل میں بحال کیا جارہا ہے جو تجاوزات میں گم ہوگئی تھیں، انسداد تجاوزات کی کارروائی بتدریج کے ڈی اے اسکیمز و ٹاؤن شپس میں کی جارہی ہے اور کے ڈی اے اراضیوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے مکمل عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ کارروائی کے موقع پر محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جمیل بلوچ کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد معراج، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رحمت شاہ، ایگزیکٹو انجینئر کورنگی و دیگر شامل تھے۔