راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار صرف الیکشن کمیشن کو ہے، کوئی ادارہ مداخلت نہیں کر سکتا،پنجاب حکومت کسی سیاسی جماعت کے تابع نہیں، انتخابات 15سے 25 جنوری کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نگران وزیراعلی پنجاب کنور دلشاد نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ساڑھے 12کروڑ سے زائد ووٹرز کی فہرست جاری کر دی ہے، حلقہ بندیوں کا معاملہ 30نومبر سے قبل مکمل ہو جائے گا،30نومبر کو حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن کے بعد سیکشن 57کے تحت الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول جاری کرنے کا مجاز ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں لگ رہا ہے کہ نومبر کے دوسرے ہفتے میں انتخابی شیڈول جاری ہو جائے گا جس کے بعد توقع ہے انتخابات15سے 25جنوری کے درمیان ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار صرف الیکشن کمیشن کو ہے، کوئی ادارہ اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 230اور 222کے تحت الیکشن کمیشن اپنے معاملات میں مکمل خودمختار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت کسی سیاسی جماعت کے تابع نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 224کے تحت نگران حکومت کو فنڈز اور تعمیراتی کام کا مکمل اختیار ہے، اسی آرٹیکل کے تحت حکومت فنڈز کا استعمال کررہی ہے۔