بیجنگ (نمائندہ خصوصی)نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ دنیا کیلئے پائیدار نقطہ نظر کیساتھ عالمی برادری کیساتھ کھڑا ہے،عالمی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موثرڈھانچہ،میکانزم بنانے کی ضرورت ہے۔چین میں گلوبل پبلک سکیورٹی کوآپریشن فورم کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان محفوظ دنیا کے لئے پائیدار نقطہ نظر کے ساتھ عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے اورگلوبل سکیورٹی بڑھانے کیلئے ہر قسم کے عالمی تعاون میں فعال کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے عالمی سلامتی کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاءواکثریت پسندی،فرقہ واریت، منظم جرائم اور سائبر کرائم سے دنیا کوخطرات لاحق ہیں،عالمی سلامتی کے لئے خطرہ بننے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو یکجا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو لیگل فریم ورک کی رہنمائی میں ہم آہنگی کے ساتھ دنیا کو محفوظ بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو درپیش سکیورٹی خطرات سے بچاو کیلئے موثر ڈھانچہ اور میکانزم بنانے کی ضرورت ہے،تمام ممالک کو عالمی برادری کے اقدامات سے مشترکہ سلامتی کے فوائد پہنچنے چاہئیں۔