اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ آف پاکستان میں بطور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا منگل کو سپریم کورٹ میں دوسرا روز مصروف گزرا۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے معمول کے مقدمات سننا شروع کردیے، ان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 5 میں سے 3 کیسز نمٹا دیے۔ سپریم کورٹ میں ملازمت کیس میں پاکستان پوسٹ کی درخواست خارج کر دی گئی۔ قتل کے کیس میں ضمانت کی منسوخی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی گئی۔ سی ڈی اے لینڈ ڈپارٹمنٹ کے کیس میں ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی گئی۔ سپریم کورٹ نے ملازمت کی بحالی کے لیے دائر اپیل میں وکیل کی استدعا پر 2 ہفتوں کا وقت دے دیا۔