اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر کے ساتھ جڑا ہوا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں منیر اکرم کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کو کئی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جنگوں کے باعث غذائی عدم تحفظ، عالمی حدت میں اضافہ، عالمی وبائیں اور کساد بازاری جیسے چیلنجز ہیں، تمام چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے اقوام متحدہ کا پلیٹ فارم بہترین حل پیش کر سکتا ہے، سماجی ترقی اور معیشت کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیرِ اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، ان کی عالمی رہنماوں اور مختلف سرمایہ کار کمپنیوں سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر کے ساتھ جڑا ہوا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اقوام متحدہ کا اجلاس اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔منیر اکرم کا افغانستان کے حوالے سے کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان میں موجود علاقائی امن خراب کرنے والے دہشت گرد عناصر کا قلع قمع ہونا چاہیے۔