اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) نگراں وزیر برائے منصوبہ بندی محمد سمیع سعید نے کہا ہے کہ پاکستان ورلڈ بنک کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ورلڈ بنک کی جانب سے پاکستان میں جاری منصوبوں کو سراہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرسے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں نگراں وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ عالمی بینک پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک اہم شراکت دار ہے جسکی دہائیوں سے جاری امداد کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ نگران وزیر منصوبہ بندی نے ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے عالمی بینک کی مسلسل حمایت اور عزم کو بھی سراہا۔ سمیع سعید نے ملک کی اقتصادی بحالی کے لیے حکومت کی کوششوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان ملکی معیشت کو پائیدار راہ پر گامزن کرنے کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں دستیاب انفراسٹرکچر کو مدنظر رکھتے ہوے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔