کراچی(نمائندہ خصوصی) آغا خان یونیورسٹی نے تعلیم کے شعبے میں اپنی پیشکشوں کو مزید متنوع بناتے ہوئے اپنی فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز کا آغاز کر دیا ہے۔ آغا خان یونیورسٹی کی پاکستان میں 30 سالوں میں یہ پہلی نئی فیکلٹی، فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز یونیورسٹی کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہے جہاں اس نے اپنے پروگراموں کو ہیلتھ سائنسز اور اساتذہ کی تعلیم کے علاوہ نئے شعبوں تک وسعت دی ہے۔ فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز کے طلبا کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ ایشیائی اور مشرق وسطیٰ کے علوم، سماجی ترقی کی اسٹڈیز، فلسفے، سیاست اور اقتصادیات، یا انسانی اور ماحولیاتی حیاتیات میں سے کسی ایک موضوع کا انتخاب کر سکیں گے۔ وہ جو بھی پیشہ اختیار کرنا چاہتے ہیں، فیکلٹی آف آرٹس گریجویٹس دنیا کے بہترین لوگوں کے ساتھ مقابلے اور تعاون کے لیے تیار ہوں گے۔فیکلٹی آف آرٹس اینڈسائنسز گریجویٹ پروگرام کا آغاز یونیورسٹی کے تعلیمی پورٹ فولیو میں ایک اہم تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔ اس فیکلٹی کا اجراء آغا خان یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں کو مزید مستحکم بنانے کی طرف ایک اقدا م ہے۔آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین نے کہا کہ فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز پاکستان اور ترقی پذیر ممالک کے طلبا کو شمولیت، تنوع اور عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی کے ذریعے بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے ہمارے چانسلر کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ وژن اعلیٰ درجے کے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ورانہ افراد کی آبیاری کی بدولت آگے تک پھیلا ہوا ہے جس کا مقصد ایسے افراد کی پروان چڑھانا ہے جو سول سوسائٹی کو متحرک رکھیں گے، اچھی طرز حکمرانی کی وکالت کریں گے، سماجی اور معاشی ترقی، تکثیریت (Pluralism) کو سراہیں گے اور اخلاقی طرز عمل کو فروغ دیں گے۔پاکستان بھر سے تقریباً 100 طلبا پر مشتمل افتتاحی کلاس اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کرنے والی ہے۔ شمولیت اور تنوع کے مضبوط عزم کے ساتھ فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز ضرورت مند طلبا کو بھرپور معاونت فراہم کرنے والے داخلے کے عمل کا استعمال کرتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ طلبا چاہے معاشی طور پر کتنے ہی مضبوط یا کمزور کیوں نہ ہوں، ان کو صرف میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جاتا ہے اور خاطر خواہ مالی معاونت بھی کی جاتی ہے۔فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز کے ڈین اسٹیفن لیون نے کہا کہ ہم دنیا بھر کے کچھ عظیم اداروں جیسے ہارورڈ، یالے، مڈل بیری یا ریڈ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے ادارے کی بنیاد رکھ رہے ہیں جہاں ان تمام اداروں میں یہ طریقہ کار بہت کامیاب رہا ہے۔ متعدد شعبوں کو اکٹھا کرنے سے سیکھنے کا ایک ایسا ماحول بنتا ہے جو ایسے لوگ تیار کرتا ہے جو کثیرالجہتی کیریئر، مصروف شہریت اور لوگوں کی زندگیوں کو تقویت بخشتے ہوئے معاشرے میں حقیقی مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔
فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز کے آغاز کے ساتھ یونیورسٹی میڈیسن اور دیگر شعبوں کی طرح ہیومینٹیز، سوشل سائنسز اور نیچرل سائنسز کے شعبوں میں بھی اعلیٰ عالمی معیار پر پورا اترنے کی کوشش کر رہی ہے۔ فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز نوجوان اسکالرز کے ایک متنوع گروپ کو بااختیار بنانے کی کوشش کرتا ہے، جس سے وہ ایسے قابل دانشور بن کر ابھریں گے جو ہماری قوم کے روشن مستقبل کے لیے فعال کردار ادا کرتے ہیں۔ مزید برآں، فیکلٹی سول سوسائٹی اور پیشہ ورانہ نیٹ ورکس میں دور رس، مثبت اثرات پیدا کرنے کے مقصد کے ساتھ ٹیم ورک کو فروغ دیتے ہوئے سول اور اخلاقی قیادت کی راہیں ہموار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔