لاہور(نمائندہ خصوصی) اے این ایف نے منشیات اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے 7 کاروائیوں میں 152 کلو منشیات برآمدکرکے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اے این ایف نے موٹر وے ٹول پلازہ کالا شاہ کاکو کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 21 کلو 600 گرام افیون برآمد کی ہے،دوران کارروائی مردان کےرہائشی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کالا شاہ کاکو کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 10 کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے،برآمدہ ہیروئین گاڑی کے ٹائر (سٹپنی) میں چھپائی گئی تھی جس میں بنوں کے رہائشی 2 ملزمان کو موقعہ پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق لاہور میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے ہیروئن برآمد کر لی، 500 گرام ہیروئن بیڈ شیٹ میں چھپا کر بحرین اسمگل کی جا رہی تھی۔ادھر کیچ اور گوادر میں 2 کارروائیوں میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 100 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ باجوڑ اور خیبر کے قریب 2 کارروائیوں کے دوران چھپائی گئی 20 کلو 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔