کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیر صدارت گورنر ہاﺅس میں امید کی گھنٹی، گورنرز شکایتی سیل کا جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں امید کی گھنٹی، گورنرز شکایتی سیل پر آنے والی شکایات کے ازالے کے لئے طریقہ کار کو بہتر بنانے، افسران کو متعلقہ اداروں سے رابطہ میں رہنے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرنسپل سیکریٹری بلال احمد میمن نے گورنر سندھ کو امید کی گھنٹی پر آنے والی شکایات، طاقتور پاکستان کے تحت راشن کی تقسیم اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ امید کی گھنٹی سے عوام کی امید بندھی ہوئی ہے اور اس امید کو آپ افسران نے ٹوٹنے نہیں دینا، کوشش کریں کہ عوام کی شکایات جلد از جلد حل کی جائیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ملازمت کے لئے آنے والی درخواستوں کو کراچی چیمبر اور دیگر صنعتی اداروں کو بھیجا جائے، انہوں نے کہا کہ راشن کی تقسیم کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ مالی امداد اور علاج معالجہ کی درخواستوں کو بیت المال اور دیگر اداروں کو بھیجا جائے۔ قبل ازیں پرنسپل سیکریٹری بلال احمد میمن نے گورنر سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 60 ہزار سے زائد افرداد کو راشن دیا جاچکا ہے، ملازمت کے لئے 5 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ ملازمت کی درخواستوں کا ڈیٹا بینک تیار کیا جارہا ہے۔