لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی آزاد کشمیر کے رہنماو¿ں نے بلاول ہاوس میں ملاقات کی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وادی کے عوام کے بجلی کی قیمتوں سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا، ملاقات کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں۔پی پی پی آزاد جموں و کشمیر کے رہنماو¿ں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آزاد کشمیر 2700 میگاواٹ بجلی پانی سے پیدا کررہا ہے، وادی کے عوام کا حق ہے کہ انہیں سستی بجلی مہیا کی جائے، آزاد کشمیر کے عوام کی ضرورت 370 میگاواٹ بجلی ہے، مہنگی بجلی پر وادی کے عوام سراپا احتجاج ہیں،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کا بجلی کی قیمتوں سے متعلق تحفظات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے بجلی کی قیمتوں سے متعلق تحفظات کا فی الفور ازالہ ہونا چاہئیے،سستی بجلی آزاد جموں و کشمیر کے عوام کا حق ہے جو انہیں ملنا چاہئیے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے آزاد جموں و کشمیر میں پانی سے مزید بجلی پیدا کرنے کے چار ہزار میگاواٹ کے منصوبوں کو فوری شروع کیا جائے، پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر حکومت کے اندر رہ کر عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرےگی۔