کراچی(نمائندہ خصوصی)
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر سخت رد عمل دے دیا۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ماضی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ جھوٹے وعدوں پر مبنی تھا جو اسلام کو بیچ کر حاصل کیا گیا تھا۔ کراچی میں خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتیں ہم سے رابطہ کر رہی ہیں، حافظ نعیم سے بھی کہتا ہوں کہ حوصلہ رکھیں، ہمیں ان سے ہمدری ہے۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ اسمبلی مدت پوری کرچکی اور ملک انتخابی دور میں داخل ہوچکا ہے، امید ہے انتخابات شفاف اور غیر جانبدار ہوں گے جو سب کو قبول ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مردم شماری مکمل ہوئی اور آئین کے مطابق حلقہ بندیاں ہونا ضروری ہیں، سندھ کے شہری علاقوں کی نمائندگی بھی ان کے اپنے لوگ نہیں کر رہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جعلی و جاگیر دارانہ جمہوریت کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہماری کوشش ہے کہ وہ لوگ ایوان میں جائیں جن کیلئے قانون سازی کی جاتی ہے۔خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایوان میں کسان و مزدور کیلئے قانون سازی جاگیردار کرتا ہے، اب نوجوان اس ملک کی نمائندگی کیلئے موجود ہیں۔